نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ آنے والے سال کے لیے برآمدات میں 20 بلین ڈالر کے اضافہ متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے برآمدات میں اضافے سے متعلق اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافے کے لیے کوشاں ہیں، سال 2024 کے لیے برآمدات میں 20 بلین ڈالر اضافے کی توقع ہے۔
گوہر اعجاز نےکہا کہ برآمدات کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے نگراں حکومت نے ٹیم ٹھوس کوششیں کیں، جولائی 2023 میں پاکستانی برآمدات کو دھچکا لگا تھا جس کے بعد جولائی 2023میں برآمدات کم ہو کر 2.068 بلین ڈالر رہ گئیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نگراں حکومت نے برآمدات بڑھانے اور تجارتی خسارے کو کم کرنے کے لیے کوششیں کیں، دسمبر 2023 تک برآمدات بڑھ کر 2.812 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں، دسمبر تک برآمدات میں 511 ملین ڈالر کا قابل ذکر اضافہ ہوا اور اس کامیابی میں نگراں ٹیم کے سٹریٹجک فوکس نے اہم کردار ادا کیا۔
نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز نے مزید کہا کہ پاکستان نے کامیابی کے ساتھ برآمدات کو بحال کیا، آنے والے سال کے لیے برآمدات میں 20 بلین ڈالر کے اضافہ متوقع ہے ، صنعتی پیداوار کے لیے مناسب توانائی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔



















