محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں موسم سرما کی اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات یعنی 10 جنوری کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جو اب تک کی سرد ترین رات رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس سے قبل رواں موسم سرما کا کم سے کم درجہ حرارت دسمبر میں 11.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
کراچی کے موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں شہر کا موسم خشک اور رات سرد رہنے کا امکان ہے جب کہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں حد نگاہ 3 کلو میٹر تک ریکارڈ کی گئی۔ ہوا میں نمی کا تناسب 51 فیصد ہے اور اس وقت شمال سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں جب کہ دوپہر تک ہواؤں کی سمت مغرب سے بھی ہوسکتی ہے۔
اس کے علاوہ سندھ، پنجاب اور کے پی سمیت ملک کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، دھند کے باعث مزید 18 پروازیں منسوخ کر دی گئیں جب کہ کئی مقامات سے موٹرویز کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔
شدید دھند کے باعث مختلف ہوائی اڈوں پر آنے والی 11 ملکی و غیر ملکی پروازوں کو لاہور، کراچی، اسلام آباد میں لینڈنگ کروائی گئی، سال نو کے پہلے 10 دن کے دوران 330 پرواز منسوخ کی جا چکی ہیں۔
دوسری جانب شدید دھند کے باعث حد نگاہ متاثر ہونے پر مختلف مقامات پر موٹرویز پر بھی ٹریفک کی روانی روک دی گئی ہے۔



















