گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ تعلیم کا حصول ملکی ترقی کے لیے لازم ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبات کی کامیابی سے ان کے خاندان اور پورے ملک کی کامیابی جڑی ہوئی ہے اور یہ وہ گوہر نایاب ہیں جنہیں یونیورسٹیاں اور کالجز تراشتے ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ کامیابی حاصل کرنے کے لیے سیکھنے کے عمل کو ہمیشہ جاری رکھیں اور تحقیق کے عمل کو اپنی زندگی کا معمول بنائیں نیز ہر کام کو احسن طریقے سے سر انجام دیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تعلیم کاحصول ملکی ترقی کے لیے لازم وملزوم ہے جس کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں، خواتین کو ایمپاور کرنے کے لیے اچھی تعلیم کا حصول ضروری ہے جس کے لیے ہم اپنے تعلیمی اداروں کو جدید طرز پر استوار کر رہے ہیں۔
گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے مزید کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ طالبات کی تربیت بھی انتہائی ضروری ہے کیونکہ ان سے ہی بہترین معاشرت کی بنیاد ہوگی اسلئے معاشی ترقی کی دوڑ میں کردار کی پختگی کو کبھی نظرانداز مت کریں۔
اس موقع پرگورنر پنجاب نے پی ایچ ڈی اور ایم فل کے علاوہ بی ایس کمپیوٹر سائنسز ، کمیونیکیشن سٹڈیز، بی ایس میتھمیٹکس، اکنامکس، انگلش، اسلامک سٹڈیزودیگر پروگرامز کے ساتھ ساتھ بی بی اے کے فارغ التحصیل سٹوڈنٹس کو ڈگریاں دیں۔
تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عذیرا رفیق، وائس چانسلر کوہسار یونیورسٹی ڈاکٹر مختار، فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنرز اور فیکلٹی کے ممبران، سٹوڈنٹس اور اساتذہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔



















