جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے، دشمن کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
نگراں صوبائی وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کی عوام کو دشمن کے عزائم کا پتا چل چکا ہے۔ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے، دشمن کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
جان اچکزئی نے کہا کہ ماہ رنگ بلوچ بھارت کی زبان بول رہی ہے، ماہ رنگ بلوچ کا سوشل میڈیا بھارت سے چلایا جا رہا ہے۔ ہمیں معلوم ہے بھارتی ایجنٹس کو کہاں سے مدد مل رہی ہے۔
وزیراطلاعات بلوچستان نے کہا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ جو ملک کے خلاف بول رہی ہیں ان کو لوگ سن رہے ہیں۔ بلوچستان کا کشمیر سے موازنہ کرنے والوں کو 21 توپوں کی سلامی ہے۔ یہ ہماری فراخدلی ہے کہ اب تک آپ کو برداشت کررہے ہیں۔ ماہ رنگ بلوچ کو فارن فنڈنگ ہو رہی ہے، رپورٹس جلد سامنے آئیں گی۔
انھوں نے مذید کہا کہ بلوچستان کو پتا چل چکا ہے کہ دہشت گردوں کو بھارت فنڈنگ کررہا ہے۔ تین سو چالیس لوگوں کو شہید کرنے والوں کے خلاف مقدمات ہوں گے۔ کمیشن بنا کران دہشت گردوں کو کٹہرے میں لائیں گے۔



















