Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

این اے ایس ٹی پی قومی اہمیت کا اسٹریٹجک منصوبہ ہے،آرمی چیف

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ این اے ایس ٹی پی قومی اہمیت کا اسٹریٹجک منصوبہ ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کراچی میں نیشنل ایرواسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پاک کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی، این اے ایس ٹی آمد پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا سربراہ پاک فضائیہ نے استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف این اے ایس ٹی پی کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ تقریب میں ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے این اے ایس ٹی پی کے حوالے سے وژن کو اجاگر کیا۔

ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ این اے ایس ٹی پی ایرو اسپیس، سائبر اور آئی ٹی کے حوالے سے بہترین مرکز بن کر ابھرا ہے، این اے ایس ٹی پی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے حوالے سے ڈیزائن، تحقیق و ترقی اور اختراعات کے میدان میں قومی منظرنامے کو تبدیل کرے گا۔

تقریب میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے این اے ایس ٹی پی کے لئے ایک اور سنگ میل کے حصول پر پاک فضائیہ کی کاوشوں، قیادت اور عملے کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ این اے ایس ٹی پی قومی اہمیت کا اسٹریٹجک منصوبہ ہے، نوجوان اور آنے والی نسلوں کے لئے این اے ایس ٹی پی بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا جبکہ این اے ایس ٹی ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کا عمل تیز کرتے ہوئے خود انحصاری کے حصول کا باعث بھی بنے گا۔

بعد ازاں آرمی چیف نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا بھی دورہ کیا، کور کمانڈر کراچی نے آرمی چیف کو خوش آمدید کہا اور انہیں آپریشنل تیاریوں، تربیتی امور، فوجیوں اور شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے انتظامی اقدامات سے آگاہ کیا۔

متعلقہ خبریں