پی پی پی رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کے علاوہ دیگر جماعتیں ڈرائنگ روم کی سیاست کر رہی ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ نے سکھر کے نواحی علاقے سنگرار میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے الیکشن مہم کا آغاز 27 دسمبر سے کردیا ہے، 8 فروری کو الیکشن ہوں گے اس لئے عوام سے رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سنگرار میں آج زاہد شاہ اور ساتھیوں سے ملے ہیں، انہوں پی پی پی کی حمایت کا اعلان کیا ہے، غلط تاثرات نے ملک کے حالات خراب کئے ہیں، سیکریٹری الیکشن کمیشن کا استعفی ضرور آیا ہے مگر اور کوئی استعفی نہیں آئے گا تاہم اگر کوئی اور استعفی آتا بھی ہے تو الیکشن ضرور ہوں گے یہ ہمیں یقین ہیں۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے علاوہ دیگر جماعتیں ڈرائنگ روم کی سیاست کر رہی ہیں، الیکشن کیلئے ہم مکمل تیار ہیں، یقین ہے الیکشن ہوں گے تبھی یہاں بیٹھے ہیں، کچھ پارٹیاں ابھی الیکشن مہم پر نہیں نکلی تاہم اب اس کی وجہ بھی پتہ چل گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن نہیں ہوئے تو آئینی بحران پیدا ہوگا، ہم چاہتے ہیں الیکشن وقت پر ہوں، ن لیگ ہمارے مخالفین کے ساتھ مل کر الیکشن لڑ رہی ہیں اور اس کی پہل ہم نے نہیں کی تاہم اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے پی پی کو کوئی فرق نہیں پڑنے والا۔
خورشید شاہ نے مزید کہا کہ صرف جمہوریت کے لیے ہم وقت آنے پر نواز شریف کیلئے ڈھال بن کر کھڑے ہوئے تھے، 15 سال قبل بی بی شہید کو کہا گیا کہ انہیں قتل کیا جاسکتا ہے لیکن اس کے باوجود انہوں نے پاکستان آنے کا فیصلہ کیا۔



















