اسلام آباد: مصنوعات کی فروخت کے لیے ڈیجیٹل انوائس کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
مصنوعات کی فروخت کے لیے ڈیجیٹل انوائس لازمی قرار دے دیا گیا ہے جب کہ ڈیجیٹل انوائس کا اطلاق فاسٹ موونگ کنزیومرز گڈذ کی فروخت پر ہوگا۔
ایف بی آر نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے جس کا اطلاق یکم فروری 2024 سے ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ روزمرہ استعمال کی اشیاء فروخت کرنے پر ڈیجیٹل انوائس کی شرط ہوگی جب کہ رجسٹرڈ افراد کوسیلز ٹیکس انوائس الیکٹرانکلی جمع کرانا ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فیصلے کا اطلاق اشیائے ضروریہ کے درآمد کنندگان اور مینوفیکچررز پرہوگا جب کہ روزمرہ استعمال کی اشیاء فروخت کرنے والے ہول سیلرز اور ڈیلرز پر بھی اس کا اطلاق ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اشیاء بلک میں درآمد اور سپلائی کرنے والے ریٹیلرز پربھی فیصلہ لاگو ہوگا، ادویات کی مینوفیکچرنگ، امپورٹ، ریٹیل اور ہول سیل پر بھی ڈیجیٹل انوائس لازمی ہوگی۔
علاوہ ازیں بیوٹی اینڈ پرسنل کیئراشیاء کے مینوفیکچررز، امپورٹرز کے لیے ڈیجیٹل انوائس لازمی ہوگی جب کہ اس کا اطلاق ہوم کیئر اورڈیری مصنوعات کے ہول سیلرز، ڈیلرز اور ریٹیلرز پر لاگو ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ سیریلز اور چھوٹے بچوں کی خوراک کی فروخت سمیت فروزن ڈیزرٹس کی فروخت پر ڈیجیٹل انوائس لازمی ہوگی جب کہ فاسٹ موونگ کنزیومرز گڈز کے تاجروں پر بھی ڈیجیٹل انوائس لازمی ہوگی۔



















