Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

گجرات: 5 بھائی 3 مختلف پارٹیوں سے ایک دوسرے کیخلاف الیکشن لڑیں گے

گجرات سے 5 سگے بھائی 3 مختلف سیاسی جماعتوں کے ٹکٹ پر ایک دوسرے کیخلاف عام انتخابات میں حصہ لیں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 8 فروری کو ملک بھر میں عام انتخابات کا اعلان کیا گیا ہے، ایسے میں تمام سیاسی جماعتوں نے قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں سے اپنے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی ہے جب کہ اس دوڑ میں بہت سے آزاد امیدوار بھی شامل ہیں، الیکشن کمیشن بھی آج پاکستان بھر سے امیداروں کی حتمی فہرست جاری کرے گا۔

8 فروری کو ہونے والے الیکشن کے لیے ملک بھر میں ایک ہی برادری کے مختلف لوگ سیاسی میدان میں ایک دوسرے کے مخالف الیکشن لڑرہے ہیں لیکن گجرات میں ایک انوکھا انتخاب ہونے جارہا ہے جہاں ایک ہی گھر کے 5 افراد ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔

گجرات سے تعلق رکھنے والے 5 بھائیوں نے ایک ہی ضلع سے 3 مختلف سیاسی جماعتوں کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کے لیے میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بڑے بھائی چوہدری عابد رضا قومی اسمبلی کے لیے میدان میں ہیں اور  چوہدری رضا کے 4 بھائی صوبائی اسمبلی کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدوار ہیں۔ چوہدری شبیر رضا، چوہدری نعیم اور چوہدری شاہد پی پی 28 سے الیکشن لڑیں گے، تینوں بھائی ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گے۔

چوہدری محمد علی پی پی 33 سے مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں جب کہ چوہدری شبیر رضا پی پی 28 سے (ن) لیگ کے امیدوار ہیں۔

اس کے برعکس چوہدری نعیم رضا (ق) لیگ اور چوہدری شاہد رضا پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے جب کہ مسلم لیگ ن کے ڈویژنل صدر چوہدری عابد رضا این اے 62 سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں