نگراں وزیراطلاعات سندھ سید احمد شاہ نے کہا ہے کہ 8 فروری کو نگران سندھ حکومت الیکشن کے لیے مکمل تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات سید احمد شاہ نے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے چار ارب سے زائد فنڈ ریلیز ہوچکے ہیں اور ضرورت پڑنے پر مزید فنڈ جاری کیے جائیں گے۔
سید احمد شاہ نے کہا کہ شفاف انتخاب کرانا سندھ حکومت کا کام ہے، تمام پولنگ اسٹیشن پر کام جاری ہے، آٹھ فروری کو نگران سندھ حکومت الیکشن کے لیے مکمل تیار ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سماجی تحفظ کی وزارت کے سلسلے میں یہاں آنا ہوا ہے ، سندھ کے تین اضلاع میں سماجی تحفظ کا محکمہ فال ہوگیا ہے جو ورلڈ بینک کے تعاون سے چل رہا ہے اور اس پروجیکٹ کے تحت سندھ کے پندرہ اضلاع میں حاملہ خاتون کو تیس ہزار نقد دیں گے جو ماں اور بچے کی صحت کے لیے ہونگے۔
سید احمد شاہ کا کہنا تھا کہ تیرہ لاکھ افراد اس پروجیکٹ سے استفادہ اٹھا سکیں گے اور پسماندہ علاقوں کی خواتین ہماری ترجیح ہیں، حاملہ خواتین کے علاج کی ذمہ داری پی پی ایچ آئی یو کے ذریعے پوری کررہے ہیں۔
نگراں وزیراطلاعات سندھ سید احمد شاہ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے ایک سال قبل سماجی تحفظات کی وزارت کا آغاز کیا تھا، دیہی علاقوں میں جہاں دوران زچگی ماں اور بچے کی اموات ہوجاتی ہیں انہیں مکمل صحت کی سہولیات نہیں ملتیں۔



















