قومی ٹیم کے جارح مزاج وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث کا کہنا ہے کہ انہیں اس بات کا علم نہیں کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے کیوں منتخب نہیں کیا گیا۔
قومی ٹیم کے نوجوان بیٹر محمد حارث نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بالکل بھی علم نہیں کہ میری پرفارمنس کہاں غلط ہوئی لیکن کیرئیر میں اُتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں بعض اوقات بیک اپ کھلاڑی آپ سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں جس کی وجہ سے وہ موقع ملنے کے حقدار ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری نگاہیں قومی ٹیم میں واپسی پر مرکوز ہیں ، جس کے لیے پاکستان سپر لیگ میں بہترین کارکردگی دکھا کر پلینگ الیون میں جگہ بنانے کی پوری کوشش کروں گا۔
محمد حارث کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ جس کو بھی ٹیم سے ڈراپ کیا جاتا ہے اسے پرفارم کرنا ہوگا اور واپس آنا ہوگا۔ آئندہ پی ایس ایل کا مقصد اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کم بیک کروں گا۔
وکٹ کیپر بلے باز نے کہا کہ مجھے ٹیم سے ڈراپ ہونے پر کوئی تکلیف نہیں ہوئی، یہ چیزیں آپ کو مضبوط بناتی ہیں اور مجھے اپنی غلطیوں کا تجزیہ کرنے اور اپنی مہارت کو بہتر بنانے کا موقع ملا۔
واضح رہے کہ چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے دورہ نیوزی لینڈ کیلئے محمد حارث کو آرام کروایا جب کہ انکی جگہ صائم ایوب کو موقع دیا جنہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔



















