Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دہشت گرد جماعت کو انتخابی نشان نہیں مل سکتا، مریم نواز

مریم نوازکا کہنا ہے کہ دہشت گرد جماعت کو انتخابی نشان نہیں مل سکتا، ایسے لوگوں کو عبرت کا نشان ملتا ہے، انتخابی نشان نہیں۔

مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے اوکاڑہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام بتا رہے ہیں کہ 8 فروری کو اوکاڑہ میں شیردھاڑے گا، نوازشریف اوکاڑہ سے پیارکرتے ہیں، آپ نے بھی وفا نبھائی ہے۔

مریم نوازنے کہا کہ صبح سوچ رہی تھی دھند میں کون جلسے میں آئے گا، یہاں دیکھا توعوام کا جمِ غفیرموجود ہے۔ ن لیگ اوراوکاڑہ کا ہمیشہ سے رشتہ تھا اوررہے گا، اوکاڑہ کی عوام کو میرا سلام، خراب موسم  میں بھی ن لیگ کے کارکنوں نے نوازشریف کا ساتھ نہیں چھوڑا۔

انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ قدرت کا نظام ان سے انتقام لے رہا ہے، استعفے پراستعفے آ رہے۔ دوسروں کا احتساب کرتے وقت فرعون بنے ہوئے تھے۔ نوازشریف اورعوام پر ظلم کرنے والےعبرت کو پہنچ رہے ہیں۔ اپنی باری آئی تو جوتیاں چھوڑ کربھاگ رہے ہیں۔ 8 فروری کو شیر دھاڑے گا۔

مریم نوازنے کہا کہ سازش کرکے نوازشریف کو اقتدارسے الگ کیا گیا، ان کے ساتھ جو ہو رہا ہے اس کے ذمے دار وہ خود ہیں۔ شور مچایا جا رہا ہے کہ ہم سے انتخابی نشان واپس لے لیا گیا، ان سے کسی نے انتخابی نشان نہیں چھینا۔ تمہارا انتخابی نشان بلا نہیں ڈنڈا تھا جو تم نے عوام پر چلایا، انھی ڈنڈوں سے فوجی تنصیبات پرحملے کیے گئے اورشہدا کی یادگاروں کو توڑا گیا۔

چیف آرگنائزرن لیگ نے کہا کہ لوگوں کو چور کہنے والے اپنی باری میں گھڑی بیچ کرپیسے کھا گئے، ماؤں، بہنوں کو جیلوں میں ڈالا، اپنی باری آئی تو ذلت سے فرار ہوگئے۔ نوازشریف کو جب نکالا تھا تو وہ عزت سے گئے۔ قدرت کی لاٹھی چاروں طرف اپنا اثر دکھا رہی ہے۔ ایسے لوگوں کو عبرت کا نشان ملتا ہے، انتخابی نشان نہیں۔

انھوں نے مذید کہا کہ شیرکو شیرکا نشان مل سکتا ہے، دہشت گرد جماعت کا اس کا انتخابی نشان نہیں مل سکتا۔ تمہارا انتخابی نشان چوری کی گھڑی یا پٹرول بم ہونا چاہیے۔ اس کو لاڈلہ بننے اور سہولت کاری کی عادت تھی۔ اب سمجھ آئی کہ کیوں وہیل چیئر اور پلاسٹرکا سہارالینا پڑتا ہے۔ اب نہ سہولت کاری رہی نہ سہولت کار۔ اب مدران لا کے فون سے فیصلے کی سہولت میسر نہیں ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ انٹرپارٹی انتخابات میں دھاندلی کی، سب بلا مقابلہ منتخب ہوگئے، دوسروں سے رسیدیں مانگتے ہیں خود پیش نہیں ہو سکتے۔ نوازشریف کے امپائرعوام ہیں، عوام چوتھی بار نوازشریف کواقتدارمیں لائیں گے۔ جب کوئی سچا ہوتا ہے تو شیرکی طرح ڈٹ کر کھڑا ہوتا ہے۔

متعلقہ خبریں