عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اگر گرفتار ہوا تو جیل سے قلم دوات کے نشان پر الیکشن لڑوں گا۔
تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے انسداد دہشتگردی راولپنڈی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو مہنگائی اور بیروزگاری کے جہنم میں پھینکا گیا اس کا بدلہ لینے نکلے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ راولپنڈی کے عوام جانتے ہیں ہم نے خدمت کی سیاست کی ہے، ہم نے پنڈی کی پگھ پر داغ نہیں لگنے دیا اور اب ووٹ ڈالنا آپ کا کام ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ وضاحت کرنا چاہتا ہوں میں نے چلہ بھی کاٹا اور قربانی بھی دی لیکن کوئی پریس کانفرنس نہیں کی، اپنے خلاف ہونے والے کیسز پر اُف تک نہیں کی، معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے ساتھ پہلے بھی ایسا ہوا اور اب پھر ایسا ہی ہوا لیکن میں نے کسی کے خلاف کوئی بات نہیں کی، کسی کے خلاف غلط بات نہ کی ہے نہ کروں گا۔
شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ گرفتار ہوا تو میں اور راشد شفیق دونوں جیل سے قلم دوات کے نشان پر الیکشن لڑیں گے، قلم دوات کے نشان پر 8 فروری کو دو حلقوں میں اکثریت سے جیتیں گے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ اپنا الیکشن لڑا ہے اور لڑوں گا، ساری قوم کو کہنا چاہتا ہوں اگرآج پولیس نے گرفتار کیا تو جیل سے الیکشن لڑیں گے۔
سانحہ 9 مئی، شیخ رشید کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں شیخ رشید اور ان کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جو کل دوپہر ڈیڑھ بجے سنایا جائے گا۔
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں شیخ رشید اور ان کے بھتیجے شیخ راشد شیخ کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج ملک اعجاز آصف نے کیسز پر سماعت کی۔
اس دوران شیخ رشید سمیت 25 ملزمان راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں موجود تھے، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔



















