وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت کے خلاف مسلسل سازشیں ہورہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل پریس کلب کے باہر بلوچ شہدا فورم کے زیر اہتمام کیمپ میں وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی و چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر اشرفی نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان علماء کونسل کا وفد شہدا کیمپ آیا ہے، ہمارا پیغام ہے کہ قوموں کی زندگی میں شہدا کا خون بہت اہم کردارادا کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسنگ پرسن کے ورثا ہوں یا شہدا کے ورثا سب کے ساتھ انصاف ہونا چاہئے مگر کسی کو بھی مسنگ پرسن کی آڑ میں بھارتی ایجنڈا آگے بڑھانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی جہاں مسنگ پرسنز کی بات کی جاتی ہے وہاں شہدا کے ورثا کی بھی بات ہونی چاہئے۔
علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ قوم کی نشوونما شہداء کے خون سے ہوتی ہے۔قیام پاکستان کے وقت بھی شہداء کا خون بہا، پاکستان کے خلاف سازشیں قیام پاکستان شروع ہوگئی تھیں، پاکستان کی سالمیت کے خلاف مسلسل سازشیں ہورہی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہداء کے لواحقین کی پوری قوم مقروض ہے، ہمارے لوگ تو لاشیں اٹھاکر بھی پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہیں، بلوچستان اور وفاق کی حکومتوں سے بات کی ہے حکومت شہداء کے ساتھ بہتر سے بہتر مذاکرات کئے جائیں۔
وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی و چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر اشرفی نے مزیدکہا کہ جمال ریئسانی کے والد کا جرم پاکستان کا پرچم لہرانا تھا ہماری فوج اور قوم ایک ہیں چاہے یہ دھرنے دوسوسال جاری رہیں ،جائز بات سنی اور مانی جائے گی ستاسی ہزار شہداء کے ورثا نکل آئیں تو سوچیں کیا ہوگا۔



















