وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے کہا ہے کہ تعلیم کی فراہمی میں ٹیکنالوجی سے استفادہ ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے یونیسکو، ای ڈی ٹیک حب اور آئی ٹی اے کے تعاون سے گلوبل ایجوکیشن مانیٹرنگ رپورٹ 2023 کے قومی اجراء کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اولین ترجیح اسکولوں سے باہر بچوں کا تعلیمی اداروں میں داخلہ ہے، اس کیلئے بھی ٹیکنالوجی سے مدد لی جائے گی۔
وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ اس سال جی ای ایم رپورٹ کا موضوع انتہائی مناسب ہے، تعلیم کی فراہمی میں ٹیکنالوجی کے کردار کا جائزہ لینا بہت ضروری ہے،پاکستان نے حال ہی میں تعلیم کی فراہمی میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو بہت اہمیت دی ہے۔
مدد علی سندھی نے یہ بھی کہا کہ ہماری اولین ترجیح اسکول سے باہر بچوں کی شرح کو کم کرنا ہے،اس تعداد کو کم کرنے میں ٹیکنالوجی کا کردار بھی اہم ہے،اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی رفتار سے ہم آہنگ ہو۔
وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی پسماندہ علاقوں کے طلباء کو پیچھے چھوڑ سکتی ہے،وزارت تعلیم اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ٹیکنالوجی کے استعمال کو اس طرح اپنا لیا جائے کہ کوئی بچہ پیچھے نہ رہے۔



















