نگراں حکومت نے سپریم کورٹ کے ججز کے خلاف سوشل میڈیا مہم پر جےآئی ٹی تشکیل دے دی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے سپریم کورٹ کے ججز کیخلاف سوشل میڈیا پر مہم کی روک تھام کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی ہے۔
اس حوالے سے وزارت داخلہ نے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ 6 رکنی جے آئی ٹی کی سربراہی کریں گے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی میں شامل آئی بی اور آئی ایس آئی کا نمائندہ گریڈ 20 کا افسر ہوگا۔ اس کے علاوہ آئی بی ، آئی ایس آئی کے نمائندے اور ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس جے آئی ٹی میں شامل ہوں گے جب کہ پی ٹی اے کا نمائندہ بھی شامل ہوگا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق جے آئی ٹی ججز کیخلاف کردارکشی مہم کی تحقیقات کرے گی اور ملزمان کی شناخت کرکے قانون کے کٹہرے میں لائے گی اور 2 ہفتے کے اندر ان کے خلاف چالان پیش کرے گی جب کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے سفارشات دے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جے آئی ٹی کا سیکریٹریٹ ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرزمیں ہوگا اور جے آئی ٹی 15 دن میں ابتدائی رپورٹ وزارت داخلہ کو دے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے سپریم کورٹ کے وکلاء بشمول چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی جارہی ہے جس کے خلاف وکلاء تنظیموں نے کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔



















