دفتر خارجہ کی ترجمان متاز زہرا بلوچ نے بول نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے لوگ بہت مشکل صورتحال میں رہ رہے ہیں۔
بول نیوز کے پروگرام ایسے نہیں چلے گا میں گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے غزہ کا محاصرہ کر کے خوراک اور ایندھن کی ترسیل روک دی ہے۔
اسرائیل کی پابندیوں کی وجہ سےتشویشناک صورتحال پیدا ہوئی ہے اور انٹرنیشنل کمیونٹی نے اسرائیل کے اقدامات کی مذمت کی ہے، بین الاقوامی برادری اسرائیل پرغزہ کا محاصرہ ختم کرنے پر زور دے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ غزہ کے لوگوں کو خوراک کی اشد ضرورت ہے، یواین سیکیورٹی کونسل ناکام ہو چکی ہے اور ترقی پذیر ممالک چاہتے ہیں کہ یواین سیکیورٹی کونسل اپنا فرض ادا کرے اور اسرائیل غزہ میں نسل کشی بند کرے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ آئی سی جے کا فیصلہ انٹرنیشنل لا کی تشریح کرے گا، ضروری ہے کہ آئی سی جے کے فیصلے کا احترام کیا جائے اور سیکیورٹی کونسل کو آئی سی جے کی سفارشات پرعمل کرنا ہو گا کیونکہ آئی سی جے کی ججمنٹ آنے میں وقت لگے گا۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، تعلقات دھونس، دھمکی اور دہشتگردی کے واقعات کروا کر استوار نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت پاکستان میں منفی سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے، خطے میں مثبت ماحول کے لیے اہم کردار بھارت کا ہے، لیکن بھارت نے خطے میں منفی ماحول پیدا کیا ہے، بھارت خطے کا ماحول بہتر کرنے میں کردارادا کرے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ جب بھی بھارت سے بات ہوگی پاکستان مسئلہ کشمیر کو ترجیح دے گا، بھارتی سیاستدان پاکستان مخالف بیان دے کر اپنی سیاست چمکاتے ہیں۔



















