Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عام انتخابات 2024؛ خیبرپختون خوا سے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کے نام فائنل

عام انتخابات 2024 کے سلسلے میں مسلم لیگ ن نے خیبرپختونخوا سے امیدواروں کے نام فائنل کردیے۔

پاکستان مسلم لیگ ن نے خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کے 45 میں سے 36 حلقوں پر امیدوار فائنل کیے۔ مسلم لیگ ن نے صوبے کے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں سے امیدوار کھڑے نہیں کیے۔

مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر امیر مقام دو قومی اور ایک صوبائی حلقہ سے انتخاب لڑیں گے۔ انجینئر امیر مقام این اے 2 اور این اے 11 سے امیدوار ہوں گے۔ امیر مقام صوبائی حلقہ پی کے 5 سے بھی امیدوار ہوں گے۔

قائد مسلم لیگ ن نوازشریف خیبرپختونخوا کے حلقہ این اے 15 سے امیدوارہیں، سردار یوسف این اے 14 جبکہ مرتضی جاوید عباسی این اے 16 سے میدان میں ہوں گے۔

خیبرپختونخوا کی سیکریٹری جنرل فرح خان کو بھی 3 حلقوں سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ فرح خان این اے 24، پی کے 65 اور پی کے 66 سے میدان میں اتریں گی۔ بابرنواز خان این اے 17، جلال خان خٹک این اے 23 سے امیدوار ہوں گے۔ شاہ جی گل آفریدی این اے 27 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار ہوں گے۔

اختیار ولی این اے 33 اور پی کے 88 سے، عباس آفریدی این اے 35، بلاول آفریدی پی کے 70 سے، لیاقت ولی خان پی کے 85 سے امیدوار ہوں گے۔

مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی کے حلقہ 4، 12 اور 13 سے امیدوار کھڑے نہیں کیے، این اے 19، این اے 20، 22، 28، 44 اور 45 میں بھی مسلم لیگ ن کا کوئی امیدوار نہیں ہے۔

متعلقہ خبریں