Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے پرعزم ہے، مرتضیٰ سولنگی

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ حکومت دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے پرعزم ہے۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے الیکشن کمیشن کی کوریج کرنے والے صحافیوں سے ظہرانے کے موقع پر غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو سیاسی تقسیم اور معاشی مشکلات جیسے چیلنجز درپیش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کےلئے اہل قیادت کا انتخاب ضروری ہے جبکہ ملکی مسائل کے حل کے لئے قومی سطح پر اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے یہ بھی کہا کہ نگران حکومت آئین کے تحت کام کر رہی ہے، ہماری کوشش ہے کہ جو ذمہ داری ہمیں ملی ہے اسے بہتر طریقے سے انجام دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کو سندھ میں اور پیپلز پارٹی کو پنجاب میں لیول پلینگ فیلڈ کی شکایات ہیں، جے یو آئی سمیت کئی دوسری جماعتیں بھی لیول پلینگ فیلڈ کا شکوہ کر رہی ہیں۔

مرتضیٰ سولنگی کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے پرعزم ہے،امید ہے 8 فروری کے انتخابات کے بعد جو بھی حکومت آئے گی وہ ملک اور عوام کی بہتری کے لئے کام کرے گی۔

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے، امید ہے آئندہ منتخب حکومت ان مسائل اور چیلنجز سے نمٹنے کے لئے سنجیدگی سے کام کرے گی۔

متعلقہ خبریں