Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

یو اے ای کی ٹیم کی جانب سے مصنوعی بارش برسانے کا کامیاب تجربہ پاکستان ہمیشہ یاد رکھے گا، محسن نقوی

محسن نقوی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی ٹیم کی جانب سے مصنوعی بارش برسانے کا کامیاب تجربہ لاہور سمیت پورا پاکستان ہمیشہ یاد رکھے گا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے لاہو رمیں مصنوعی بارش برسانے والی یو اے ای ٹیم کے اراکین کی ملاقات ہوئی جس میں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے یو اے ای کے ٹیم کے تمام اراکین کو تعریفی سرٹیفیکٹ اور یادگاری شیلڈز دیں۔

ملاقات میں محسن نقوی نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار لاہور میں مصنوعی بارش برسانے پر یو اے ای کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا او ران کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی ٹیم کی جانب سے مصنوعی بارش برسانے کا کامیاب تجربہ لاہور سمیت پورا پاکستان ہمیشہ یاد رکھے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ12سال سے لاہور سمیت پنجاب میں مصنوعی بارش کے لئے کوششیں کی جارہی تھیں،لاہو رمیں ملکی تاریخ کی پہلی مصنوعی بارش برسانے پرپاکستان کا ہر شہری خوش اور پرجوش تھا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ہی نہیں دنیا بھر میں لاہورکی پہلی مصنوعی بارش کو سراہا گیا، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور بہتر پیداوار کے لئے مصنوعی بارش بہترین ٹیکنالوجی ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یو اے ای ٹیم کے اراکین کا نام تاریخ کا حصہ بن چکا ہے، خواہش تھی کہ دوبارہ مصنوعی بارش ہوتی مگرموسم نے ساتھ نہیں دیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کی ٹیم نے لاہور میں 2ماہ قیام کیا،یہ بھائی چارے اور ہمارے باہمی تعلقا ت کی اعلیٰ مثال ہے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے متحدہ عرب امارات کی ٹیم کو پرتپاک انداز میں وزیراعلیٰ آفس سے رخصت کیا اور ایک بار پھر ان کا شکریہ ادا کیا۔

صوبائی وزیر ماحولیات بلال افضل، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری ماحولیات،چیف میٹرولوجسٹ، آرمی ایوی ایشن افسران، انوائرمنٹ پروٹیکشن حکام،ڈائریکٹر انوائرمنٹ پروٹیکشن، کمشنر لاہور او ردیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات کرنے والوں میں متحدہ عرب امارات ا ین سی ایم ٹیم کے  کلاؤڈ سیڈنگ کے سربراہ احمد الکمال ، پائلٹ کرنل عبیدحلاف، پائلٹ مائیکل اینسٹس ، کلاؤڈ سیڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ عبداللہ الحامان اور آرنلڈ ننگالہ اور ورگلو ٹو لیڈو لاٹو شامل تھے۔

متعلقہ خبریں