Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چین نے پاک ایران کشیدگی پر ثالثی کی پیشکش کردی

چین کے قونصل جنرل یانگ یوڈونگ نے کہا کہ پاک ایران تعلقات پرامن طریقوں سے حل کیے جاسکتے ہیں۔

کراچی میں چین کے قونصل جنرل یانگ یوڈونگ نے نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ پاک ایران اختلافات بات چیت سے حل کیے جاسکتے ہیں لہذا دونوں ممالک سے کہیں گے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور دوطرفہ تعلقات کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق آگے بڑھائیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو عالمی اقدار کے مطابق آگے بڑھنا چاہیے جب کہ چین ایک اچھے دوست کی حیثیت سے پاکستان اور ایران کے درمیان پر امن مذکرات کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

دوسری جانب ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان ثالثی کے لیے تیار ہیں، فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی میں اضافے سے بچیں، چین کشیدہ صورتحال میں کمی کیلئے تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔

خیال رہے کہ ایران نے دو روز قبل بلوچستان کے علاقے میں میزائل اور ڈرون حملے کر کے 2 بچیوں کو شہید اور 3 کو زخمی کر دیا تھا۔

دفترخارجہ

پاکستان نے بلوچستان کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کی خود مختاری کی خلاف ورزی اور دو طرفہ تعلقات کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حملے کی تمام تر ذمہ داری ایران پر عائد ہوتی ہے۔

پاکستان نے ایران کی جانب سے حملے کے ردعمل میں ایرانی سفیر کو بھی ملک بدر کر دیا تھا اور ایران میں تعینات سفیر مسعود ٹیپو کو وطن واپس بلا لیا۔

پاکستان کا کرارا جواب

پاکستان نے بلوچستان پر حملے کے جواب میں آپریشن مرگ بر ، سرمچار کے ذریعے ایران کو جواب دے دیا۔ پاکستان نے ایران کے صوبے سیستان میں دہشتگردوں کی مخصوص پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 18 جنوری کی صبح پاکستان نے ایران کے اندرموجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف مؤثرحملےکرکے انھیں تباہ کردیا۔ یہ دہشت گرد پاکستان میں دہشتگردکارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آرکے مطابق پاکستان نے ایران میں بلوچستان لبریشن آرمی اور بلوچستان لبریشن فرنٹ نامی دہشت گرد تنظیموں کے زیراستعمال ٹھکانوں کو انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن میں کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، ہلاک ہونے والوں میں دوست عرف چیئرمین، بجرعرف سوغت، ساحل عرف شفق، اصغرعرف بشام اوروزیرعرف وزی شامل تھے۔

متعلقہ خبریں