Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عام انتخابات 2024 ؛ سیکورٹی اہلکاروں کیلئے ضابطہ اخلاق جاری

 

عام انتخابات کے پیش نظرالیکشن کمیشن نے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا ہے۔

ضابطہ اخلاق کے مطابق انتخابات کے روز سیکورٹی پر مامور اہلکار انتخابات کے پر امن انعقاد میں کمیشن کی معاونت کریں گے جبکہ تمام پولنگ اسٹیشنز کے باہر سیکورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ بیلیٹ پیپرز کی چھپائی کے دوران پرنٹنگ کارپوریشنز کی سیکورٹی کیلئے اہلکار تعینات کیے جائیں گے، بیلیٹ پیپرز کی ریٹرننگ افسران تک ترسیل پر بھی سیکورٹی اہلکار تعینات ہونگے۔

ضابطہ اخلاق میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے پولنگ اسٹیشنز تک بیلیٹ پیپرز کی ترسیل بھی سیکورٹی کی نگرانی میں ہوگی جبکہ انتخابی مواد کی ترسیل، پولنگ، گنتی اور نتائج مرتب ہونے تک سیکورٹی اہلکار تعینات ہونگے۔

ضابطہ اخلاق کے مطابق پولنگ کے دوران پولنگ اسٹیشن میں قیام امن کی ذمہ داری پریزائڈنگ افسر کی سربراہی میں سیکورٹی اہلکاروں کی ہوگی جبکہ سیکورٹی اہلکار انتخابی عمل کے دوران غیر جانبدار رہیں گے۔

ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی اہلکار کسی جماعت یا امیدوار کے حق یا مخالفت میں کام نہیں کرے گا جبکہ سیکورٹی اہلکار کسی ووٹر سے اس کی شناخت کا ثبوت نہیں مانگے گا۔

ضابطہ اخلاق میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی ووٹر کے پولنگ اسٹیشن میں داخلے کے حق کو سلب نہیں کیا جا سکتا، سیکورٹی اہلکار کسی صورت پولنگ عملہ کے فرائض انجام نہیں دے سکتا، کوئی سیکورٹی اہلکار انتخابی مواد کو اپنی تحویل میں نہیں لے سکتا جبکہ پریزائڈنگ افسر کی ہدایت کے بغیر اہلکار کسی شخص کو پولنگ اسٹیشن سے گرفتار بھی نہیں کر سکتا۔

ضابطہ اخلاق میں مزید کہا گیا ہے کہ اہلکار کسی بھی واقعہ پر پریزائڈنگ افسر کی ہدایت کے بغیر کارروائی نہیں کر سکتا، سیکورٹی اہلکار کسی امیدوار، پولنگ ایجنٹ، مبصر یا میڈیا سے بحث نہیں کرے گا۔

 

متعلقہ خبریں