پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے والی پروازوں میں 50 فیصد کمی رپورٹ کی گئی ہے۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق رواں ماہ پاکستانی فضائی حدود استعمال کرکے گزرنے والی پروازوں کی تعداد 450 تک رہی۔ عام دنوں میں یومیہ 700 سے 750 پروازیں پاکستانی فضائی حدود سے گزرتی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے والی ائیرلائنز سول ایوی ایشن کو ڈالر میں ادائیگی کرتی ہیں۔ پاکستانی حدود میں پروازوں کی اوور فلائنگ کم ہونے سے آمدنی پر اثر پڑے گا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مزید کہنا تھا کہ تمام پروازوں کی ایس او پیز کے تحت مانیٹرنگ ہوتی ہے۔ پاکستان میں کسی بھی جانب سے آنے والے فضائی ٹریفک پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
خیال رہے کہ پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے سے متعلق یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاک ایران کشیدگی کے بعد پاکستان نے ایران سمیت مغربی سمت سے آنے والی تمام پروازوں کی سخت نگرانی شروع کردی ہے اور اس دوران فضائی حدود کو سختی سے مانیٹر کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق پاک ایران جاری کشیدگی کے تناظر میں پی آئی اے سمیت تمام پاکستانی ایئرلائنز سے کہا گیا ہے کہ ایرانی فضائی حدود استعمال کرنے سے اجتناب کریں۔



















