عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی نشست پر الیکشن لڑنے والے انوکھے گلوکار چاہت فتح علی خان نے اپنی پارٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اپنی بے سری آواز کی وجہ سے سوشل میڈیا سے شہرت حاصل کرنے والے انوکھے گلوکار چاہت فتح علی خان نے اپنی سیاسی جماعت بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور گزشتہ روز پارٹی رجسٹرڈ کروانے الیکشن کمیشن پہنچے۔
چاہت فتح علی خان کی ایک مختصر ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر موجود ہیں۔
https://twitter.com/Latifshahji/status/1748267334723416068?ref_src
اس سے قبل دسمبر 2023 میں چاہت فتح علی خان نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا تھا کہ قومی اسمبلی کی نشست کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے ہیں اور وہ این اے 128 سے الیکشن لڑیں گے تاہم الیکشن کمیشن نے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے تھے۔ ان کے کاغذات نامزدگی حلقہ این اے 128 سے مسترد کیے گئے تھے۔
چاہت فتح علی خان نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر کہا کہ میں چاہتا تھا کہ اپنے لوگوں میں رہ کر ان کی خدمت کروں لیکن دوہری شہریت کو جواز بنا کر کاغذات مسترد کیے گئے اور مجھے ریٹرننگ افسر کے فیصلے پر حیرت ہوئی، تارکین وطن کے لیے خصوصی قانون سازی ہونی چاہیے۔
خیال رہے کہ حلقہ این اے 128 سے سلمان اکرم راجہ، حافظ نعمان سمیت دیگر نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔
استاد چاہت فتح علی خان نے اپنے حقیقی نام کاشف رانا کے نام کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے اور اپنے انتخابی ترانے اور منشور کا بھی اعلان کیا تھا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے استاد چاہت فتح علی خان نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ میرا انتخابی نشان ’’باجا ‘‘ ہو کیونکہ فتح ہوگی تو باجا ہی بجے گا۔



















