نگران حکومت کے اقدامات بے سود ثابت ہورہے ہیں اور پیاز کی فی کلو قیمت کی ٹرپل سنچری مکمل ہوگئی۔
ادارہ شماریات کے دستاویزات کے مطابق پیاز کی فی کلو قیمت 320 روپے تک پہنچ گئی ہے، اسلام آباد کے شہری ملک میں سب سے مہنگا پیاز خریدنے پر مجبور ہیں۔
ادارہ شماریات کے دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں پیاز کی فی کلو قیمت 320 روپے تک ہوگئی۔ راولپنڈی 310 اورسیالکوٹ میں پیاز کی فی کلو قیمت 270 روپے تک ہے جب کہ پشاور میں 280 روپے اور خضدار میں پیاز کی فی کلو قیمت 250 روپے تک ہوگئی۔
اس کے علاوہ کراچی، لاہور اورگوجرانوالہ میں پیاز کی فی کلوقیمت 240 روپے تک ہے۔ فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، بہاولپور میں پیاز کی فی کلو قیمت 220 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ کوئٹہ، سکھر اورلاڑکانہ میں بھی پیاز کی فی کلو قیمت 220 روپے تک ہے۔ حیدرآباد اور بنوں میں پیاز200 روپے تک فی کلو میں فروخت ہورہی ہیں جب کہ گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ پیاز کی فی کلوقیمت260 روپےتک تھی۔
واضح رہے کہ ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی ہے جب کہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0 اعشاریہ 34 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی مجموعی شرح 44 اعشاریہ 64 فیصد پر پہنچ گئی ہے، ایک ہفتے کے دوران 22 اشیاء مہنگی ہوئیں جب کہ 8 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔



















