قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ اس وقت مخلتف کمبی نیشن بنارہی ہیں لیکن مستقبل میں میرے ساتھ بابراعظم دوبارہ اوپننگ کرسکتے ہیں۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران قومی ٹی ٹوئنٹی کے نائب کپتان محمد رضوان نے اوپننگ جوڑی پر بات کرتے ہوئے کہا میری ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی اور ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ سے بھی بات ہوئی تھی تو انہوں نے کہا تھا کہ ہم ورلڈکپ سے پہلے مختلف کمنی نیشن بنارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بابراعظم اور میں نے ان چیزوں پر اتفاق کیا لیکن جب ایک اوپننگ جوڑی اچھی چل رہی تھی اس کو توڑنے کے بعد مشکلات ہوتی ہیں جو اس وقت ہمیں پیش آرہی ہیں لیکن مینجمنٹ دیکھنا چاہ رہی ہیں کہ شاید ہمیں کچھ اور بہترین مل جائے لیکن انہوں نے ایسا ہرگز نہیں کہا کہ آگے چل کر بابر اور رضوان کی اوپننگ نہیں ہوگی۔
This is Pakistan's team! This is not Babar Azam or Mohammad Rizwan's team. Please get it 🇵🇰
How can you say you two were doing great? That means there are no better openers in Pakistan? Did we win T20 World Cup 2021, 2022 or Asia Cup 2022? 👎🏼 #NZvsPAKhttps://t.co/5KIqRPuVYn
— Alisha Imran (@Alishaimran111) January 19, 2024
مڈل اوورز میں وکٹیں نہ ملنے کے سوال پر محمد رضوان نے کہا کہ شاہین نے پاور پلے کے دوران تین وکٹیں لیں لیکن دیگر بالرز کو ایک وکٹ بھی نہیں مل سکی جو سوالیہ نشان ہے۔ اس حوالے سے بولنگ کوچ عمر گُل آپکو زیادہ بہتر جواب دے سکتے ہیں، بیچ میں وکٹیں نہیں آرہیں اس وجہ سے فاسٹ بولرز کی کارکردگی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ رزلٹ ہمارے حق میں نہیں آرہے جس کا دکھ ہے، مجھے بھی ہار پسند نہیں ہے لیکن ایشیائی کنڈیشنز میں کینگروز اور کیویز کو بھی شکست ہوتی ہے۔
اپنی بیٹنگ سے متعلق محمد رضوان کا کہنا تھا کہ افتخار احمد نے مجھے کہا کہ یہ پچ 150 رنز بنانے والی ہے یہاں زیادہ اسکور نہیں بنے گا، باقی عزت اور ذلت دینے والی ذات اللہ تعالیٰ کی ہے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 0-4 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلے جارہے سیریز کے چوتھے میچ میں قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بناسکی جس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے 18.1 اوور میں 3 وکٹ کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔



















