گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے سنجیدہ مسئلہ معیشت کا استحکام ہے۔
وزیر تجارت و صنعت گوہر اعجاز نے تیسرے سالانہ انجینئرنگ اینڈ ہیلتھ کیئر شو سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات میں ماہانہ ایک ارب ڈالر اضافہ ہوا، برآمدی صنعتوں کو بجلی کے نرخ نو سینٹ کرنے جا رہے ہیں ، بجلی کے نرخ کم ہونے سے برآمدات دو گنا بڑھ جائیں گی۔
گوہر اعجاز نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں بہت زیادہ پوٹینشل موجود ہے، ہماری سمت درست ہے یہ سفر چلتا رہے گا، امید ہے کہ ہمارے بعد آنیو الے اسی سفر کو جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایکسپورٹ کیلئے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں، ہمارا فوکس صرف برآمدات میں اضافہ کرنا ہے، ہمیں ہر صورت اگلے دس سال میں 10 گنا ایکسپورٹ کا ہدف حاصل کرنا ہوگا۔
وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاور سیکٹر سمیت دیگر تمام سیکٹرز کو مضبوط بنا رہی ہے، پاکستان کا سب سے سنجیدہ مسئلہ صرف معیشت کا استحکام ہے، ہمیں خود انحصاری کی طرف جانا ہی ہوگا۔



















