بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ پیپلزپارٹی عام آدمی کو ریلیف پہنچائے گی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹھنڈے موسم میں آپ کی موجودگی کا شکر گزار ہوں، الیکشن کے سلسلے میں کنونشن کررہا ہوں، میں واحد سیاستدان ہوں جو آپکی طرف دیکھ رہا ہوں اور عوام کی طرف دیکھ کر عوام سے ووٹ مانگ رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ باقی سیاستدان خلائی مخلوق سے امید رکھے بیٹھے ہیں، میں ووٹ کے لیے پاکستان کی عوام کے پاس آیا ہوں، ہم ایک مشکل مرحلہ سے گزر رہے ہیں،تاریخی معاشی بحران ہے۔
بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو معاشی بحران سے محنت اور خلوص نیت سے نکال سکتے ہیں، اس وقت ملک اور عوام مشکل مرحلے سے گزر رہے ہیں، دہشتگردی کا خطرہ ایک بار پھر نظر آ رہا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ 10 نکاتی معاشی ایجنڈے پر عمل کرکے غربت ، مہنگائی کا مقابلہ کر سکتے ہیں، پیپلزپارٹی کی حکومت بنائیں آپکی آمدنی کو ڈبل کرکے دکھاؤں گا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 8 فروری کو الیکشن 2جماعتوں کے درمیان ہورہا ہے، شوبازی سے کام نہیں چلے گا، کہتے تھے ہم نے پنجاب میں دودھ اور شہد کی نہریں بہادیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ لاہور میں تو بہت پیسہ خرچ ہوا ہے ، مجھے لگا تھا کہ وہاں کہ تمام مسئلےحل کرلیے ہونگے لیکن لاہور کے جس حلقے سے الیکشن لڑرہا ہوں وہاں صاف پانی ہی نہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے یہ بھی کہا کہ تیر وہ ایک ہی نشان ہے جس سے شیر کو روکا جاسکتا ہے، یہ تیر اس ملک کے نوجوانوں ،مزدوروں بیروزگاروں کا نشان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گمبٹ میں سو فیصد مفت اور معیاری علاج کا بندوبست کیا ہے، کراچی میں دل کے علاج کا سب سے بڑا اسپتال ہے، ہم نے سندھ کے ہر ضلع میں مفت علاج کے اسپتال بنائے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں ملک میں مسائل ہیں ،ان کا حل مل کر نکالا جاسکتا ہے، ہم بھوک مٹاؤ پروگرام بھی شروع کریں گے، یقین دلاتا ہوں اس ملک کے مزدوروں کو محنت کا پھل ملےگا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے آپکے دکھ درد کا احساس ہے، کسان کارڈ کے ذریعے فصل کی انشونس کرائیں گے، کسان کارڈ کے ذریعے قدرتی آفات میں کسانوں کی مالی مدد کی جائے گی، مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔
بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ میں اپنا وعدہ پورا کروں گا، اگر میں وعدہ کررہا ہوں کہ30 لاکھ گھر بنا کردوں گا تو یہ ہوائی باتیں نہیں، میں جو وعدہ کررہا ہوں 300 یونٹ بجلی مفت فراہم کرونگا تو پورا کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ بھٹو کا نواسہ ہوں، سکھایا گیا ہے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، ہم اس ملک کے عام آدمی سفید پوش طبقے کی نمائندگی کرتے ہیں، پیپلزپارٹی عام آدمی کو ریلیف پہنچائے گی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ الیکشن کے سلسلے میں دسمبر سے انتخابی مہم کررہا ہوں، میں واحد سیاستدان ہوں جو عوام کی طرف دیکھ رہا ہوں، باقی سیاستدان تو خلائی مخلوق سے امید لگائے بیٹھے ہیں، میں تو عوام سے امید لگاکر بیٹھا ہوں۔



















