مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ہم غیر اخلاقی سیاست کے قائل نہیں ہیں۔
پیپلزپارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں الیکشن کا موسم ہے مختلف باتیں ہورہی ہیں، اس ملک میں سیاست کو بہت گندا کیا گیا جبکہ ایسے بھی لوگ ہیں جنہوں نے سیاست کی توہین کی۔
مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ برسوں بعد بھی پیپلزپارٹی ایسی قوت ہے جس کا دیگر کو مل کر مقابلہ کرنا پڑتا ہے، یہ سب شہید بھٹو کی سیاسی کامیابی ہے، انتخابات میں جیتنا ہارنا چھوٹی بات ہے اصل جیت سیاسی اصول قائم رکھنا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں ان لوگوں کی نسل زندہ ہے جن کی خواتین نے شاہی قلعہ میں قید کاٹی،بانی پی ٹی آئی کے دور میں عدلیہ کا مذاق بناہوا تھا عدلیہ کیخلاف جلسہ ہوا ۔
ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کو لاڈلا اس لئے کہا کہ عدالتیں چل کر ان کے پاس چلی گئیں ، بہتر یہ تھا کہ وہ قیدی بن کر گئے تھے اور قیدی بن کر واپس آتے اور میاں صاحب قیدی بن کر آکر عدلیہ کا دروزاہ کھٹکھٹاتے، میاں صاحب ایسا کرتے تو انکا قد بڑھ جاتا۔
مولا بخش چانڈیو کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس ملک میں اردو بولنے والے ایک حقیقت ہیں ، جی ڈی اے والے کہتے ہیں پیپلزپارٹی کا متبادل ہونگے، جب وہ ہار جاتے ہیں تو پھر پیپلزپارٹی میں شامل بھی ہوجاتے ہیں
پیپلزپارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو کا مزید کہنا تھا کہ ہم غیر اخلاقی سیاست کے قائل نہیں ہیں، بلاول نے اگر میاں صاحب کو انکل کہا تو یہ انکی شرافت ہے ورنہ بانی پی ٹی آئی نے مریم نواز کس کس غلط انداز میں پکارا۔



















