Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لاہور: پی ٹی آئی امیدوار مریم نواز کے حق میں دستبردار

قومی اسمبلی کے لاہور سے حلقہ این اے 119 کی نشست پر پی ٹی آئی امیدوار، مسلم لیگ (ن) کی مریم نواز شریف کے حق میں دستبردار ہوگئے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار مہر محمد وسیم کارکنان سمیت مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے۔ مہر محمد وسیم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی حمایت کا اعلان کیا۔

پی ٹی آئی امیدوار مہر محمد وسیم نے اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف سے ملاقات کی جس میں سینیٹر پرویز رشید، مریم اورنگزیب، علی پرویز ملک، خواجہ عمران نذیر اور دیگر راہنما بھی موجود تھے۔

خیال رہے کہ این اے 119 کے چئیرمین، وائس چئیرمین، زکوة کمیٹی کے چئیرمین، پارٹی عہدیدار اور سیکڑوں ساتھی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے۔ مہر محمد وسیم اور ان کے ساتھی 25 جنوری کو جلسے میں باضابطہ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کریں گے جب کہ مریم نواز بھی 25 جنوری کو جلسے میں شرکت کریں گی۔

مریم نواز شریف نے مہر محمد وسیم اور ان کے ساتھیوں کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خیرمقدم کیا اور مبارک دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے ترقی کے قافلے میں شمولیت اختیار کرلی ہے، 2018 سے 2022 تک نااہلی کا اثر پورے پاکستان نے دیکھا اور بھگتا۔

متعلقہ خبریں