پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے چیئرمین پرویز خٹک نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کا اگلا وزیراعلیٰ میں ہی بنوں گا۔
نوشہرہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سابق رہنما اور پی ٹی آئی پارلیمینٹیرین کے چیئرمین پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ 24 کروڑ عوام اب عمران، نواز، زرداری اور مولانا کے دلفریب نعروں سے باخبر ہوچکے ہیں، ان کے سبز باغات دکھانے کی حقیقت قوم جان گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مداری کی طرح ڈگڈی کا کھیل تماشہ دکھا کر اپنا الو سیدھا کرنے میدان میں آتے ہیں اور جب یہ قوم کے ووٹوں سے اقتدار حاصل کرلیتے ہیں تو ان کے تیور ہی بدل جاتے ہیں۔
پرویز خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اگر قائم تھی تو وہ میری وجہ سے تھی، جب میں نے راہیں جدا کیں تو نہ عمران رہا جب کہ بانی پی ٹی آئی صوبے کے غریب عوام کے مسائل سے بے خبر تھے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ انتخابات میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی جماعت کا صفایا کر کے ہی دم لوں گا اور خیبرپختونخوا کا اگلا وزیراعلیٰ بھی میں ہی بنوں گا۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ قوم نے اس بار فیصلہ کر لیا ہے کہ صوبے میں صرف پگڑی کے نشان پر مہر لگائیں گے جب کہ عوام کے ووٹوں سے خیبر پختونخوا کو ترقی کے سفر پر گامزن کریں گے۔



















