Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک کو دوبارہ پٹری پر لانا آسان کام نہیں ،نواز شریف

سابق وزیراعظم میاں محمدنواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو دوبارہ پٹری پر لانا آسان کام نہیں۔

قائد مسلم لیگ ن و سابق وزیراعظم میاں محمدنواز شریف نے مانسہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک عمدہ پاکستان چھوڑ کر گئے تھے، اپنی مدت پوری کرنے دی ہوتی تو اگلی مدت آپ پھر دیتے لیکن ملک کو دوبارہ پٹری پر لانا آسان کام نہیں، آج ڈالر کنٹرول نہیں ہو رہا، ظالموں نے ملک کا ستیاناس کردیا ، ہم دنیامیں بہت پیچھے رہ گئے۔

انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم کو نہ نکالا جاتا تو مانسہرہ میں خوبصورت ایئرپورٹ ہوتا ، ممکن ہے مانسہرہ میں ایک خوبصورت میٹرو ہوتی، مانسہرہ سے مظفرآباد اور منگلا ڈیم تک موٹروے ہوتی جبکہ کراچی تک موٹروے بنانے کا منصوبہ تھا جو سکھر میں آکر رک گیا، پچھلی حکومت نے سکھر سے آگے موٹروے نہیں بنایا۔

نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ اپنے دور میں لوگوں کو سستی بجلی اور گیس دی ، کے پی میں 10سال جو حکومت رہی انہوں نے یہاں کیا بنایا ، جو 10سال یہاں حکمران رہے انہوں نے کیا نیا پاکستان بنایا؟ موٹروے پر جاکر دیکھیں کہ وہاں ہم نے کیا بنایا۔

قائد مسلم لیگ ن وسابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے مزید کہا کہ آج جو ملک کے حالات ہیں اسے دیکھ کر خوشی نہیں ہورہی ، مانسہرہ کا سیاسی دورہ 10 سال بعد ہورہا ہے ، مجھے کبھی جیل میں ڈالا گیا ،کبھی مقدمات میں الجھائے رکھا اور کبھی لندن جانا پڑا لیکن آج یہاں وزیراعظم بننے نہیں الیکشن لڑنے آیا ہوں، عوام سے دوبارہ ملنے پر خوشی ہے، ہمیں کے پی کو بہترین صوبہ بنانا چاہیے۔

مانسہرہ نے اپنا فیصلہ8فروری کےبجائے آج سنادیا ہے ،مریم نواز

مریم نواز

مانسہرہ میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیف آرگنائزرپی ایم ایل این مریم نواز نے کہا کہ اپیل ہے اپنے مستقبل کا فیصلہ سوچ سمجھ کرکریں۔ مانسہرہ نے اپنا فیصلہ8فروری کےبجائے آج سنادیا ہے۔

مریم نوازنے کہا کہ اچھےاسپتال، اسکول، کالجزمانسہرہ اورکے پی کا حق بھی ہے، یہ صرف سیاسی مخالف نہیں ذاتیات پراترتے تھے ، انسان کے اعمال اسے بہت دورتک چھوڑ کرآتے ہیں۔پشاورمیٹرو کی قیمت میں شہبازشریف نے5 میٹرو بنالیں، پشاورمیٹرو آج بھی چلتی کم ہے جلتی زیادہ ہے، اپنی کارکردگی صفر ہے، اس لیے تنقید کرتے ہیں۔

چیف آرگنازئرمسلم لیگ ن نے کہا کہ کے پی کوئی تجربہ گاہ نہیں کہ کوئی آئے تجربہ کرکے چلا جائے، کےپی جیتے جاگتے لوگوں کا صوبہ ہے تجربہ گاہ نہیں، ایک ارب درخت لگانے تھے جو لگے ہوئے تھے وہ بھی لے گئے۔عوام کی بھلائی کا پیسہ سارا ان کی جیبوں میں گیا، 10سال میں کوئی 5اسپتال اورسٹرکیں دکھادیں جوآپ نےبنائی ہوں، مانسہرہ کیلئےکیپٹن(ر) صفدر نے دن رات خدمت کی، کیپٹن صفدرنے مانسہرہ کی ترقی کیلئے بات کی۔

واضح رہے کہ نواز شریف حلقہ این اے 15 مانسہرہ سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں،جلسہ ٹھاکرہ اسٹیڈیم مانسہرہ میں ہوا جہاں ایک لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں