متعدد سیاسی رہنماؤں نے استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین جہانگیر ترین کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
سابق گورنر پنجاب، ن لیگ کے سینئر رہنما رفیق رجوانہ نے بھی جہانگیر ترین کی حمایت کا اعلان کردیا۔
جہانگیر ترین نے رفیق رجوانہ سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں رفیق رجوانہ نے ملتان میں جہانگیر ترین کو بھرپور حمایت کی یقین دہانی کروائی۔
جہانگیر ترین نے سابق گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر سینیر رہنما آئی پی پی اسحاق خاکوانی اور علی ترین بھی موجود تھے۔
ملاقات کے بعد استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین جہانگیر ترین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا دل اہلیان گیلے وال و لودھراں کےساتھ دھڑکتا ہے، گیلے وال میں سوئی گیس، انڈر پاس ، نادرا آفس سمیت تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بناؤں گا، انشاء اللہ عوام کے ووٹوں کی طاقت سے 8 فروری کو کامیاب ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے صحیح معنوں میں نیا پاکستان بنانے کے لیے آئی پی پی کی بنیاد رکھی، ہم نے جو منشور دیا وہ تمام پارٹیوں سے بہترین منشور ہے، وعدہ کرتا ہوں کامیابی کے بعد عوام اور لودھراں کی حالت زار بدلنے پر دن رات ایک کردوں گا۔
استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ غریب دوست منشور لیکر عوام کے پاس آئے ہیں، عوام نے ہم پر اعتماد کیا تو اپنے منشور پر عمل کرینگے، آپ ہمیں جتوائیں گے تو ہم اپنے گھر لودھراں اور ملک کا نقشہ بدل دیں گے۔



















