Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سندھ کا اگلا وزیراعلیٰ ایم کیوایم کا ہوگا، امین الحق

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما امین الحق کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کو سندھ میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دی جارہی اور یہ بات سب جانتے ہیں کہ سندھ کو کس نے تباہ کیا۔

بول نیوز کے پروگرام تجزیہ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر امین الحق کا کہنا تھا کہ ڈھائی ماہ پہلے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرچکے تھے، پہلے ہی 5 صوبائی اور قومی اسمبلی کے امیدواروں کا اعلان کردیا تھا۔

امین الحق نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے گزشتہ روز باغ جناح میں کراچی کا سب سے بڑا جلسہ کیا،  کراچی کے شہری ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ ہیں، پچھلے الیکشن میں جو سیٹیں چھینی گئیں، ان کو واپس لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کو سندھ میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دی جارہی، سندھ کی عوام پیپلزپارٹی سے تنگ آچکی ہے،کیا بلاول لاہور میں کہہ سکتے ہیں کہ لاہور کو کراچی یا لاڑکانہ جیسا بناؤں گا؟

امین الحق نے کہا کہ دنیا چاند پر جارہی ہے، کراچی لاڑکانہ میں بچے گٹر میں گرکر مررہے ہیں، سب جانتے ہیں کس نے سندھ کو تباہ کیا، سندھ کا اگلا وزیراعلیٰ ایم کیوایم کا ہوگا۔

متعلقہ خبریں