سندھ ہائی کورٹ نے نےغیرقانونی پارکنگ کیس میں پارکنگ کیلئے مختص روڈ پرنظرثانی کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں غیرقانونی پارکنگ سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے عمل درآمد رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔ غیر قانونی پارکنگ سے متعلق عائد جرمانوں کی تفصیلات بھی عدالت میں پیش کی گئی۔
وکیل درخواست گزارنے مؤقف اپنایا کہ ابھی بھی پارکنگ کی جگہ پر ٹھیکیداروں کے لوگ شہریوں کو حراساں کررہے ہیں۔ جس پر جسٹس ندیم اخترنے کہا کہ اصل میں خدا کا خوف لوگوں سے ختم ہوچکا ہے، لوگ اپنی ذمہ داری ادا کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ خدا کا خوف ہوتوبے ایمانی بھی نا ہو اور سارے کام ٹھیک ہوجائیں۔
سندھ ہائی کورٹ نے پارکنگ کیلئے مختص روڈ پر نظر ثانی کی ہدایت کرتے ہوئے نظر ثانی شدہ کے ایم سی پارکنگ کے روڈز کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ سے معاونت طلب کرتے ہوئے کہا کہ پبلک پراپٹی پر اگر کوئی اپنے ذاتی فائدے کے لیے بل بورڈز لگاتا ہے تو کیا اس کے خلاف کارروائی نہیں ہوسکتی ہے؟
جسٹس ندیم اخترنے ریمارکس دیے کہ اس معاملے کو دیکھیں اور بتائیں اس پر کیا کارروائی ہوسکتی ہے، تمام معاملات تقریباً حل ہوچکے ہیں اگر کوئی اورخدشات ہیں تو بتائیں۔
عدالت نے کہا کہ درخواست پر آج ہی کوئی حکم نامہ جاری کریں گے درخواستیں نمٹا رہے ہیں۔
