Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جدید علوم حاصل کرکے دنیا کو دین کا تابع بنانا ہمارے دین کا سبق ہے، انیق احمد

انیق احمد نے کہا ہے کہ جدید علوم حاصل کرکے دنیا کو دین کا تابع بناناہی ہمارے دین کا سبق ہے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر کے علماء نے دین کی بڑی خدمت کی اور انہی کی وجہ سے ہمیں بھی بہت کچھ سیکھنے سمجھنے کا موقع ملا۔

انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان کیلئے ضروری ہے کہ وہ دنیا کا ہر علم دیکھے، پڑھے، سمجھے اور پھر دیکھے کہ اسلام کس وجہ سے ان ادیان سے منفرد و ممتاز ہے۔ علم دراصل خدا خوفی کا نام ہے جس میں ہر کسی کے حقوق کا تعین اور بہترین زندگی گزارنے کا طریقہ و سلیقہ سکھایا گیا ہے۔

انیق احمد نے یہ بھی کہا کہ ہم سب کو دینی مدارس اسلامیہ کا احسان مند ہونا چاہیے کہ ہمارے مدارس نے دینی علوم کو نہ صرف محفوظ کر رکھا ہے بلکہ اس کی آبیاری کیلئے دن رات کاوشیں جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جدید علوم حاصل کرکے دنیا کو دین کا تابع بناناہی ہمارے دین کا سبق ہے،دینی علوم کے حصول میں عہد کا لمس ضروری ہے، ہم مسجد اسکول کا آغاز کر رہے ہیں تاکہ دینی علوم حاصل کرنیوالوں کیلئے مزید آسانیاں پیدا ہوسکیں۔

انیق احمد کا یہ بھی کہنا تھا کہ آپ سب طلبا ملت کے مقدر کے ستارے ہیں اسلئے آپ دنیا کے سامنے اسلام کی حقیقی تصویر کشی کریں۔ مدارس میں جدید نصاب تعلیم وقت کا تقاضا ہے اور ہمارے بہت سارے مدارس میں نصاب تعلیم کو جدید بنا دیا گیا ہے جبکہ باقی مدارس کو بھی جلد اس سے مستفید کیا جائے گا تاکہ دین و دنیا کو ساتھ ساتھ لیکر چلا جاسکے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد کا مزید کہنا تھا کہآپ نوجوانوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ آپ مدارس سے فراغت کے بعد دنیا کو دین کے تابع بنانے کا ارادہ لے کر دنیا کواپنی تعلیمات اور اخلاق سے فتح کریں۔

متعلقہ خبریں