پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ 8 فروری کو آنے والی حکومت کی ترجیح نوجوانوں کی تعلیم ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے نوجوانوں سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ 76 برس گزر گئے ہم منزل سے بہت دور ہیں، 8 فروری کو آنے والی حکومت کی ترجیح نوجوانوں کی تعلیم ہو گی، نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کریں گے، ملک کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، ہمارے پاس تیل ہے نہ گیس، ہمارا اثاثہ نوجوان ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے اقدامات کریں گے، نوجوان نسل کھیل کے میدان میں بھی جوہر دکھا رہی ہے، ہماری آئی ٹی ایکسپورٹس 3 ارب ڈالر کے قریب ہیں، نوجوانوں کی درست رہنمائی نہ کی تو بڑا چیلنج بن جائے گا، مشاورت سے پالیسی بنائی تو نوجوان نسل کی قسمت سنور جائے گی، ہم ہاکی میں پیچھے چلے گئے، کرکٹ بھی سب کے سامنے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی اور انڈسٹری کا چولی دامن کا ساتھ ہے، ای روزگار دیگر شعبوں میں بھی آپریشنل ٹریننگ کی ضرورت ہے، اصل ضرورت ورکشاپ میں تربیت دینے کی ہے، بچیاں بہت اچھی بیٹنگ کر رہی ہیں، میچ بھی جیت رہی ہیں، نوجوانوں کو آپریشنل ٹریننگ دینا ہمارے منشور کا حصہ ہے، بڑے نجی اداروں کے طلباء کے والدین کے لیے بچوں کو لیپ ٹاپ دینا آسان ہے، سرکاری سطح پر لیپ ٹاپ اسکیم کا دائرہ مستحق، ذہین طلباء کے لیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ ای لائبریری کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلنا چاہیے، بلوچستان کے عوام کے مسائل کو حل کرنا ہر حکومت کا فرض ہے، بطور قوم ہمیں فیصلہ کرنا ہو گا کہ ہمیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہے، ماحولیاتی تبدیلی ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے، ماحولیاتی تبدیلی نے ہماری زراعت کو نقصان پہنچایا ہے۔



















