نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ گردشی قرضے میں کمی لانے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت توانائی کے شعبے میں گردشی قرضے میں کمی کے لائحہ عمل پر جائزہ اجلاس ہوا۔
نگران وزیرِ اعظم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ حکومت سنبھالتے ہی ہم نے ترجیحی بنیادوں پر معیشت کی بحالی کیلئے اقدامات کئے، گردشی قرضے میں کمی لانے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، گردشی قرضے کے خاتمے کیلئے ایک مؤثر دیرپا اور قابل عمل حکمت عملی بنا کر پیش کی جائے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ گردشی قرضے میں کمی لانے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہو گا، انسدادِ بجلی چوری آپریشن سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی وصولیوں میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔



















