Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کر دیئے

محکمہ ادارہ شماریات نے ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کر دیئے ہیں۔

محکمہ ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.14 فی صد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 43.79 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق ایک ہفتے میں 15 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ ایک ہفتے میں 13 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ایک ہفتے میں زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 15 روپے تک اضافہ ہوا جبکہ زندہ مرغی کی فی کلو قیمت 460 روپے سے تجاوز کرگئی۔

دال مونگ کی فی کلو قیمت میں دو روپے 42 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ایک ہفتے میں انڈے فی درجن 2 روپے تک مہنگے ہوئے۔

ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 10 روپے تک مہنگا ہوا جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا ایک ہفتے میں 5 روپے سے زیادہ مہنگا ہوا۔مٹن، بیف، تازہ دودھ، گڑ، ٹوٹا باسمتی چاول، جلانے کی لکڑی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔

ایک ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 22 روپے تک کی کمی اور پیاز کی فی کلو قیمت میں 4 روپے 25 پیسے کی کمی ہوئی جبکہ آلو، چائے کی پتی، دال مسور، گھی، خوردنی تیل اور چینی کی قیمتوں میں کمی آئی۔

متعلقہ خبریں