آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ پاکستان پیپلزپارٹی غریب کی خدمت کو ایمان مانتی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر بھٹو ہمیشہ خواتین کے حقوق کے لیے لڑتی تھیں، بی آئی ایس پی کے ذریعے خواتین کو خودمختار بنایا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی غریب کی خدمت کو ایمان مانتی ہے ، ہم نے این آئی سی وی ڈی اور ایس آئی یوٹی بنائے۔پیپلزپارٹی نے خواتین کے لیے پنک بس سروس شروع کی، کچی آبادیوں کو ریگولرائز کریں گے۔
آصفہ بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت آئیگی تو300یونٹ مفت بجلی دیں گے ، پی پی کو ووٹ دیں تاکہ بلاول بھٹو وزیراعظم بنے اور آپکی خدمت کرے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوام کی مشکلات ہماری مشکلات ہیں، ہم اپنے عوام کیساتھ کھڑے تھے اور کھڑے رہیں گے، ہم صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کریں گے۔
آصفہ بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کو اقتدار ملا تو سب کو چھت ملے گی، پیپلز پارٹی آپ کی تنخواہ دُگنا کرے گی، پیپلز پارٹی کو ووٹ دیں تاکہ بلاول آپ کے حقوق کےلیے لڑسکیں۔



















