Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہم مل کر معاشی اور جمہوری بحران کا مقابلہ کریں گے، بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم مل کر معاشی اور جمہوری بحران کا مقابلہ کریں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملتان میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرانے سیاستدانوں نے سیاست کو دشمنی میں بدل دیا، ایک جماعت نے معاشرے اور اداروں کو تقسیم کیا، واحد لیڈر ہوں جو پورے ملک میں جلسے کررہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لیڈروں کا مقصد چوتھی بار کرسی پر بیٹھنا ہے، ہمارا ساتھ دیں نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کردیں گے۔

بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ حیران ہوں ن لیگ نے آج تک اپنا منشور نہیں بتایا، جو کہتا ہوں ن لیگ اسے نقل کرکے اعلان کردیتی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ 300یونٹ مفت بجلی کے اعلان پر ن لیگ نے مذاق بنایا پھر ن لیگ نے اگلے دن ہی مفت بجلی کے یونٹ دینے کا اعلان کردیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان میں خطرناک صورتحال ہے، مہنگائی اور بے روزگاری تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہے، ملتان کے عوام نے ثابت کردیا وہ ہمارے ساتھ ہیں، ہم مل کر معاشی اور جمہوری بحران کا مقابلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ موٹروے میں چوری کرکے ایون فیلڈ اپارٹمنٹ بنائے جاتے ہیں، سی پیک کا منصوبہ آصف زرداری کا تھا ، تم سی پیک کے چور ہو۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ن لیگ والے سمجھتے ہیں انہوں نے میچ فکس کرلیا، ن لیگ والے گھروں سے بھی نہیں نکل پارہے، عوام سے کہتا ہوں مل کر شیر کا شکار کرتے ہیں۔

متعلقہ خبریں