رانا ثناء اللہ نےکہا ہے کہ پاکستان اس وقت سیاسی اور معاشی عدم استحکام کا شکار ہے۔
ن لیگ کے رہنما رانا ثناء اللہ نے فیصل آباد میں لیگی ورکز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو اس وقت اتحاد کی ضرورت ہے، اچھے فیصلوں سے پارٹی آگے جاتی ہے، جہلم میں آئی پی پی کے ساتھ اتحاد کرنا پڑا جہاں ن لیگ کے لوگوں نے ساتھ دیا ، آج مسلم لیگ ن اکھٹی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو جتنا مرضی جارہانہ ہوئے ہم نے کسی بات کا جواب نہیں دیا ، فیصل آباد میں دو سے چار سیٹوں پر مقابلہ ہے، فیصل آباد میں ن لیگ اچھے مارجن سے جیتے گی۔
رانا ثناء اللہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اس وقت سیاسی اور معاشی عدم استحکام کا شکار ہے ، نواز شریف کے دور میں ملک ترقی کررہا تھا لیکن عمران خان نے بچوں کا ذہن خراب کردیا ہے۔
ن لیگ کے رہنما کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں میں سے پہلے درخواست دینے والی جماعت کو موقع ملنا چاہئے، جماعت اسلامی سے کوئی مخالفت نہیں وہ ہمارے بھائی ہیں، پارٹی ٹکٹ کی مخالفت کرنے والوں کا نوٹس لیا جائیگا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلاول کی جارہانہ اننگز اور الزام تراشی کا جواب یہ ہے کہ ہم انکو جواب نہیں دیں گے، منشور ایک لکھا ہوا ڈاکومنٹ ہوتا ہے جس پر عملدرآمد کی پوری کوشش کی جائیگی۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ایک بد بخت شخص نے پوری قوم کو تقسیم کیا، عدم استحکام کو ختم کرنے کی ضرورت ہے، ہم جی ٹونٹی ممالک میں شامل ہورہے تھے لیکن اب ہم سنتالیسیوں نمبر پر ہیں۔
ن لیگ کے رہنما رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف ایک ارب ڈالر کیلئے ناک سے لکیریں نکلوا رہا ہے جبکہ 9 مئی والوں کے ساتھ جو ہو رہا ہے وہ انکا اپنا کیا دھرا ہے، پی ٹی آئی کا 9 مئی والا گروہ اپنی سوچ کو آگے بڑھانے کا درپے ہے، پی ٹی آئی کے اس گروہ کی سوچ ملک کے خلاف ہے۔



















