Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہمیں مظلوم طبقے کا تحفظ کرنا ہے، مولانا فضل الرحمان

مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہمیں مظلوم طبقے کا تحفظ کرنا ہے۔

جمعیت علمائے اسلام کے سر براہ مولانا فضل الرحمان نے کندھ کوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکمرانوں نے خیراتی ادارے یہودیوں ،برطانیہ اور امریکیوں کے پیسے سے بنائے، ایسے لوگ بھی ملک پر مسلط کیے گئے، ماضی قریب میں ان کو دھاندلی اور ووٹ چوری کرکے لایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مظلوم طبقے کا تحفظ کرنا ہے اور ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے کام کرنا ہے۔عوام کو اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کرنا ہے، گھر گھر ترقی کیلئے پیغام پہنچانا ہے،ملک سے بے روزگاری کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ ووٹ چوری اور دھاندلی کرکے سابقہ حکومت کو لایا گیا تھا ، سندھ میں آئے روز لوگ اغوا اور قتل ہوتے ہیں، ملک کی معیشت ایسی  زمین بوس نہیں ہوئی جیسی 5سالوں میں ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح معیشت گزشتہ 5سالو ں میں تباہ ہوئی اس طرح پہلے کبھی نہیں ہوئی، بانی پی ٹی آئی کو لایا ہی معیشت تباہ کرنے کیلئے تھا، آج کہاں گئے وہ لوگ جنہوں نے ملکی معیشت کو تباہ کیا ہمیں وطن عزیز میں خوشحالی چاہیے۔

جمعیت علمائے اسلام کے سر براہ مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کو امریکہ سپورٹ کررہا ہے، افغانستان اور پاکستان کو دوستی کی ضرورت ہے، ساری دنیا افغانستان اور پاکستان کو لڑانے کی کوشش کررہی ہے، ہمیں داخلی طور پر امن اورنچلے طبقے کے تحفظ کا انتظام  کرنا ہے۔

متعلقہ خبریں