مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نےکہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے دور میں چور چور کا شور مچانے والا خود چور نکلا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں پاکستان کی واضح بہتری وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں اچھی اور کرپشن سے پاک حکومت کی عوامی خدمت کا عالمی ثبوت ہے جبکہ نواز شریف، شہباز شریف کے خلاف سازش اور پراپگنڈا کرنے والے ہر کردار اور عمران کے منہ پر طمانچہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ 140 سے 133 نمبر پر پاکستان کا آنا نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی کرپشن کے خاتمے اور شفاف حکومت کی مثالی کارکردگی کا اعتراف ہے، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی 2023 کی رپورٹ نے دنیا کو دکھا دیا کہ صادق اور امین کون ہے اور کرپٹ کون ہے۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے چالیس سال کا ریکارڈ کھنگالا اور شہباز شریف کو صادق اور امین کی کلین چٹ دی، ثابت ہوا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے دور میں چور چور کا شور مچانے والا خود کتنا بڑا چور نکلا۔
ان کا کہنا تھا کہ گھڑی چوری ،القادر ٹرسٹ کے نام پر ڈکیتی، 5 کیرٹ کی ہیرے کی انگوٹھیوں، ہاروں سے 190 ملین پاﺅنڈ کی چوری تک، چینی، ایل پی جی اور گندم کی چوری سے لے کر مینڈیٹ چرانے تک ’صادق اور امین ‘ کا جعلی سرٹیفیکیٹ لینے والا کرپشن کا بے تاج بادشاہ تھا، جس نے معیشت تباہ، عوام کو مہنگائی میں ڈبو کر پاکستان کو کرپشن کی دلدل میں دھنسایا۔
مریم اورنگزیب کا یہ بھی کہنا تھا کہ نوازشریف کے 2013 سے 2018 کے دور میں بھی کرپشن میں 16 درجے کمی ہوئی تھی اور2018 میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں پاکستان 124سے 117 نمبر پر آگیا تھا جبکہ پی ٹی آئی کے دور میں پاکستان میں کرپشن کئی گنا بڑھ گئی اور پاکستان کرپشن انڈیکس میں 140نمبر پر چلاگیا تھا اور یہ ہے اصل حقیقت، اصل موازنہ اور اصل سچائی ہے۔
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ آج ثابت ہوگیا کہ نوازشریف، شہبازشریف نے عوام کا پیسہ امانت سمجھ کر استعمال کیا، اس میں خیانت نہیں ہونے دی اور ’پاک بازی‘ کا لبادہ اوڑھنے والے کتنے بڑے خائن نکلے۔



















