مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نےکہا ہے کہ ہم پنجاب والی ترقی سندھ لے کر جائیں گے۔
این اے 127 میں مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہارون آباد میں جلسے سے یہاں آئی ہوں، اس حلقے نے پیسوں کے مقابلے میں نواز شریف کی امیدوار کو ووٹ دیا تھا، کوئی پیسے دےکرووٹ خریدے گا تو یہ اس کی خام خیالی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ آج کل لوگوں کو مناظرے کا شوق چڑھا ہوا ہے، اگر انہوں نے نواز شریف سے اچھی میٹروبنائی ہے تو مناظرہ بنتا ہے جبکہ اگر انہوں نے دانش اسکول دیا ہے تو مناظرہ بنتا ہے۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ سندھ میں آج بھی پانی ٹینکروں سے آتا ہے، سندھ بھی اسی ملک کا حصہ ہے اسے بھی ترقی ملنی چاہیے، ہم پنجاب والی ترقی سندھ لے کر جائیں گے، کیا وہ یہ کہہ سکتے ہیں کہ سندھ والی ترقی پنجاب لائیں گے؟ عطا تارڑ محنتی کارکن ہے، عطا تارڑ کو موقع دیں وہ آپ کی خدمت کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف تین بار عوام کی طاقت سے وزیر اعظم بنے، مگر ایک انہوں نے کبھی قومی سلامتی کے ساتھ نہیں کھیلا، تین بار کے وزیراعظم کے دل میں سیکڑوں راز ہوتے ہیں لیکن آفرین ہے اس قوم کے بیٹے پر کہ اس کے خلاف سازشیں ہوئیں، جیلوں میں ڈالا گیا، جھوٹے مقدمے بنائے گئے مگر انہوں نے کبھی قومی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دی، یہی فرق ہے نواز شریف میں اور ان کے دشمنوں میں۔
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا جرم بیٹے سے تنخواہ نہ لینا نہیں تھا مگر اس کا جرم کوئی مذاق نہیں تھا، اس نے سنگین جرم کیا تھا۔ جب اس نے دیکھا کہ اقتدار جا رہا تھا کہ تو وزیراعظم ہوتے ہوئے اس نے جھوٹا کاغذ لہراتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف سازش ہوئی ہے۔



















