پاکستان تحریک انصاف کے رہنما غلام مرتضیٰ ستی پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹرینز کے صدر آصف علی زرداری سے پی ٹی آئی رہنما غلام مرتضیٰ ستی کی ملاقات ہوئی جس کے دوران رہنما نے اپنے رفقا کے ساتھ پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے اس موقع پر کہا کہ غلام مرتضیٰ ستی اور دیگر رہنماؤں کو پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کرنے پر خوش آمدید کہتا ہوں، روالپنڈی اور اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی سرپرائیز دے گی، راولپنڈی اور اسلام آباد کے جیالوں کی پی پی پی کے شانہ بشانہ جدوجہد کو لازوال تاریخ ہے، یہاں کے سیاسی کارکنان جمہوری روایتوں کے آمین رہے ہیں۔
شمولیت اختیار کرنے والوں میں غلام یونس ستی، عابد مجید، مصطفی لطیف ستی اور ثاقب ستی شامل ہیں۔
دوسری جانب آصف علی زرداری سے مشائخ اتحاد کونسل پاکستان کے وفد نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی جس کے دوران کونسل میں شامل تمام گدی نشینوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدواروں کی حمایت کا اعلان کر دیا۔



















