سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کی سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات ہوئی جس میں بین الاقوامی تزویراتی صورتحال اور علاقائی سلامتی سمیت مشترکہ اہمیت کے حامل امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات میں معززین کی تمام تر شعبوں میں آپریشنل تربیت کے لیے موجودہ فریم ورک کی تشکیلِ نو، جدید سیکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں عسکری تیاریوں اور باہمی تعاون کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
ایئر چیف نے پاک فضائیہ کو ‘نیکسٹ جنریشن ایئر فورس’ بنانے کے اپنے وژن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاک-چین تعاون سے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے مل کر نمٹا جا سکے گا، پاکستانچین کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی و دفاعی تعلقات اور آزمائش کی ہر گھڑی میں پاک-چین بے مثال دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاک چین تعلقات علاقائی امن سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔
چینی سفیر نے علاقائی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں طاقت کے توازن کو یقینی بنانے کا پاک فضائیہ کی قیادت کا عزم اور اس مقصد کے لیئے اسکی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات قابل تحسین ہیں۔



















