8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے پیشِ نظر آئی جی سندھ نے 625 اہلکاروں کی اضافی نفری کراچی پولیس چیف کےسپرد کردی۔
کرائم، ویلفیئر،ٹریننگ، لیگل برانچ اورآئی ٹی ونگ سمیت 22 مختلف شعبوں سے 500 اہلکارڈیوٹی دینگے۔
معاون سے نائب قاصد سطح کے 100 اہلکار انتخابات میں پہرے داری پر مامور ہونگے جبکہ آئی ٹی کیڈرکےدیگر25اہلکار8 فروری کو اے آئی جی کراچی کے حکم کے منتظر ہونگے۔
آئی جی سندھ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام برانچز کے سربراہان ایڈیشنل آئی جی کراچی کو مہیا کیے جانے والے اہلکاروں کے ناموں کی فہرست فوری ارسال کریں، تمام اضافی عملہ انتخابات سے چوبیس گھنٹے پہلے ایڈیشنل آئی جی کراچی کے دفتر میں رپورٹ کرے گا
حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ اہلکاروں کی ٹرانسپورٹیشن ، تعیناتی اور کھانے پینے سمیت دیگر انتظامات ایڈیشنل آئی جی کراچی کے ذمہ ہونگے۔
عام انتخابات؛ سندھ بھر کیلئے سکیورٹی پلان تیار
ملک بھر میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے پیشِ نظر سندھ بھر کیلئے سکیورٹی پلان تیار کر لیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)سندھ رینجرز میجر جنرل اظہر وقاص کی زیرِ صدارت ہیڈکوارٹر سندھ رینجرز میں الیکشن کے انتظامات اور شہر میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اعلیٰ سطحی کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں صوبے بھر میں جنرل الیکشن کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور سیکیورٹی اقدامات کے حوالے سے کیے گئے لائحہ عمل کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رینجرز اور پولیس کی جانب سے جنرل الیکشن کے دوران مشترکہ فلیگ مارچ اور اسنیپ چیکنگ کی جائے گی، داخلی و خارجی راستوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا اور سندھ رینجرز کے دستے بطور کوئیک رسپونس فورس ایریا میں تعینات رہیں گے۔
ترجمان رینجرز نے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے حکومت اور الیکشن کمیشن کے احکامات کی روشنی میں قوانین اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کو ممکن بنایا جائے گا اور قوانین اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس میں آئی جی سندھ پولیس، صوبائی الیکشن کمشنر سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی، اسپیشل سیکریٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ، سیکریٹری سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ، کمشنر کراچی، پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔



















