گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ صحت کے بہت سے مسائل گندے پانی سے پیدا ہوتے ہیں۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سے بین الاقوامی غیر سرکاری فلاحی تنظیم مرسی کور کے ریجنل ڈائریکٹر ایلن گلاسگو کی قیادت میں وفد کی ملاقات ہوئی ہے۔
وفد میں ڈاکٹر فرح نورین (ڈپٹی ریجنل ڈائریکٹر ایشیا مرسی کور، عاصم سلیم کنٹری ڈائریکٹر، عدیل طاہر سینئر پروگرام منیجر ٹی بی پروگرام، ڈاکٹر عنبر الہی پروجیکٹ منیجر پنجاب اور عالمگیر خان سینئر منیجر سیکیورٹی اینڈ گورنمنٹ لائیزون شامل تھے۔
ملاقات میں وفد نے گورنر پنجاب کو صوبے میں ٹی بی کنٹرول، صاف پانی کی فراہمی، زراعت، موسمیاتی تبدیلی اور تخفیف غربت پر کام کے حوالے سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے اس ادارے کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ایک کامیاب ماڈل ہے۔
محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ صحت بالخصوص ٹی بی کنٹرول اور تعلیم کے شعبے میں آپ کا ادارہ جو کام کررہا ہے وہ قابل تعریف ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ صاف پانی کی فراہمی بہت ضروری ہے صحت کے بہت سے مسائل گندے پانی سے پیدا ہوتے ہیں، دیہی علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی پر کام قابل تحسین ہے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے مزید کہا کہ تعلیم اور صحت کے معاشرے میں بنیادی مسائل ہیں، بطور چانسلر جامعات میں نوجوانوں کو تعلیم دینے کے ساتھ ان کی کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایات دی ہیں۔
اس موقع پر مسٹر ایلن نے پنجاب میں حکومت کے ساتھ مل کر صاف پانی کی فراہمی ، معاشی بہتری ، تعلیم اور غذائی قلت کو دور کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔



















