صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اٹلی اور منگولیا کے نامزد سفراء کی صدر عارف علوی سے الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں جس میں روس، اٹلی اور منگولیا کے نامزد سفراء نے صدر کو سفارتی اسناد پیش کیں۔
صدر مملکت کا اس موقع پر کہنا تھا کہ روس اٹلی منگولیا کے ساتھ تجارتی اقتصادی ثقافتی تعلقات بڑھانے کی ضرورت ہے، پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے بے پناہ مواقع موجود ہیں، سرمایہ کار معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری سے پاکستان کے کاروبار دوست ماحول سے فائدہ اٹھائیں، پاکستان روس کے ساتھ تجارت معیشت سیاحت اور ثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کا خواہشمند ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ امید ہے کہ نئے سفیر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دیں گے، اطالوی سرمایہ کار خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں، اٹلی میں مقیم پاکستانی اٹلی کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اطالوی سفیر پاکستانی طلباء کو ویزوں کے اجراء میں تیزی لانے میں مدد کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور منگولیا کے باہمی مفاد کیلئے تجارتی اقتصادی اور ثقافتی تعلقات مزید فروغ دینا ہوں گے، امید ہے کہ نامزد سفراء پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔



















