پی این سیف کے کمانڈنگ آفیسر نے سری لنکن بحریہ کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی این ایس سیف نے ریجنل میری ٹائم پٹرول کے دوران سری لنکا کی بندرگاہ کولمبو کا دورہ کیا ، بندر گاہ آمد پر میزبان بحریہ کے افسروں اور پاکستانی سفارتی حکام نے پاک بحریہ کے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران پی این سیف کے کمانڈنگ آفیسر نے سری لنکن بحریہ کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں ، ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دوطرفہ بحری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کے جہاز نے سری لنکن بحریہ کے ہمراہ مشترکہ بحری مشق میں شرکت کی، پاک بحریہ کے جہاز کا دورہ سری لنکا دونوں ممالک کے بحری تعلقات کو مزید تقویت دے گا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ پاک بحریہ کے جنگی جہاز ریجنل میری ٹائم پٹرول پر باقاعدگی سے تعینات کیے جاتے ہیں، ریجنل میری ٹائم پٹرول کا مقصد بحری سلامتی اور جہازوں کی آمدورفت کو محفوظ بنانا ہے۔



















